جنوبی پنجاب، بہاولپور صوبہ کی تجویز دیکر مسئلہ کا حل نکال لیا: منظور وٹو

Jan 27, 2013

لاہور (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان و پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ شریف برادران من مانی کررہے ہیں ، ان کا بندوبست صرف میں ہی کر سکتا ہوں اور اسی لئے صدر زرداری نے پی پی پی پنجاب کی قیادت مجھے سونپی ہے۔ منظور وٹو نے یہ بات داروغہ والا میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے شریف برادران کمرے میں بند ہو کر بیٹھے رہتے تھے اور اپنے ارکان اسمبلی سے ملنا بھی پسند نہیں کرتے تھے۔میرے پی پی پی پنجاب کے صدر بننے پر ان کے طرز عمل میں تبدیلی آئی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور ایک صوبہ کی تجویز دےکر مسئلہ کا حل نکال لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو عبرت ناک شکست ہو گی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی کے رہنما اور سینےٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ 124 سے بشری اعتزاز الیکشن لڑیں گی جن کو پی پی پی نے اس حلقہ کےلئے باقاعدہ اپناامیدوار نامزد بھی کر دیا ہے۔ جلسہ میں سابق ایم پی اے حاجی امداد حسین نے اپنے ساتھیوں سمیت پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مزیدخبریں