اسلام آباد (جاوید صدیق) تحریک آزادی کشمیر کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ خدارا پاکستان کے داخلی انتشار کو ختم کریں اور قتل و غارت بند کریں کیونکہ بھارت پاکستان کے انتشار سے فائدہ اٹھا کر کشمیریوں کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ نئی دہلی سے فون پر بھارت کے یوم جمہوریہ پر نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارتی ایجنسیوں نے حال ہی میں کشمیر میں ایٹمی جنگ والے پوسٹرز اس لئے جگہ جگہ چسپاں کئے تھے کہ وہ کشمیریوں کو دھمکی دے رہے تھے کہ اگر انہوں نے تحریک آزادی جاری رکھی تو ہمارے پاس ایٹمی قوت ہے۔ ایٹمی قوت سے اس تحریک کو کچل دیں گے ان سے پوچھا گیا کہ کیا کشمیری اس دھمکی سے خوفزدہ ہو جائیں گے تو انہوں نے کہا ہمیں اﷲ پر بھروسہ ہے زندگی اور موت اس کے ہاتھ میں ہے۔ کشمیر کی جدوجہد آزادی جاری رہے گی۔ اس سوال پر کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے واقعات کی بنیاد پر اس قدر کشیدگی میں کیوں اضافہ کیا تو سید علی گیلانی نے کہا کہ اس کی بھی وجہ یہی ہے کہ بھارت کے خیال میں پاکستان اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پھنسا ہوا ہے‘ بلوچستان میں بھی گڑبڑ ہے اور خیبر پی کے میں بھی حالات اچھے نہیں یہ وہ حالات ہیں جو بھارت کے حوصلے بڑھا رہے ہیں اور اس نے لائن آف کنٹرول پر ایک معمول کے واقعہ کو اچھال کر جنگ جیسی صورتحال پیدا کر دی۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ بھارت سمجھتا ہے کہ پاکستان داخلی طور پر غیر مستحکم ہے اس لئے اسے مزید کمزور کرو اور اسے خوفزدہ کرو۔ پاکستانی قوم کو داخلی عدم استحکام سے نکلنا ہو گا ورنہ بھارت سمیت پاکستان کے دوسرے بدخواہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔
خدا کے لئے پاکستان کے داخلی انتشار کو ختم کریں: علی گیلانی
Jan 27, 2013