لندن (سٹاف رپورٹر) متحدہ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب و بہاولپور صوبے کے قیام کے مطالبات کروڑوں عوام کے دل کی آواز ہیں لہٰذا جنوبی پنجاب و بہاولپور صوبے عام انتخابات سے قبل بنا دئیے جائیں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کے روز خورشید بیگم سیکرٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے کا قیام عوام کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے جنوبی پنجاب و بہاولپور کے عوام کو یقین دلایا کہ وہ اپنے جائز حق کیلئے جو بھی پرامن احتجاج کریں گے نہ صرف ایم کیو ایم اس کی بھرپور حمایت کریگی بلکہ ایم کیو ایم کے لاکھوں کارکنان اس پرامن جدوجہد میں جنوبی پنجاب کے عوام کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو قوتیں نئے صوبے کے قیام میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں وہ پاکستان کی سلامتی و بقا اور یکجہتی کو دانستہ نقصان پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ پنجاب کے ہر حلقے سے امیدوار کھڑے کرے گی۔ قبل ازیں الطاف حسین نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی کیلئے بہاولپور جنوبی پنجاب صوبہ انتخابات سے قبل بنا دیا جائے۔ صدر اور وزیراعظم بہاولپور جنوبی پنجاب صوبے کی تشکیل کا سنجیدگی سے جائزہ لیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مطالبہ پورا کر کے عوام کی محرومیوں اور ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے۔
جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے الیکشن سے قبل بنا دئیے جائیں: الطاف
Jan 27, 2013