شاہکوٹ: یوتھ فیسٹیول کے تحت کبڈی کا فائنل میچ بدنظمی کا شکار

Jan 27, 2014

 شاہکوٹ (نامہ نگار) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چودھری محمد برجیس طاہر اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑی مختلف کھیلوں کے مقابلہ جات میں اپنا بہترین کھیل پیش کر کے آئندہ منعقدہ اولمپک مقابلوں میں بھی پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ وہ یہاں سپورٹس کمپلیکس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے یوتھ سپورٹس فیسٹیول کے آخری میچ میں نقد انعامات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوتھ سپورٹس فیسٹیول سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا جو کہ حکومت پنجاب کا ایک سنہرا کارنامہ ہے۔ تقریب سے قبل پاکستان واپڈا نے بہترین کھیل پیش کر کے 26-36 پوائنٹس سے پاکستان پولیس کی ٹیم کو کبڈی کے فائنل میچ میں شکست سے دوچار کر دیا۔ یہاں یہ امر خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ ٹی ایم اے کے انتہائی ناقص انتظامات کے باعث کبڈی میچ شدید بدنظمی کا شکار رہا اور متعدد بار کھیل روکنا پڑا۔ ہزاروں شائقین بدنظمی کی وجہ سے میچ دیکھے بغیر واپس لوٹ گئے۔ انہوں نے ٹی ایم اے کی غفلت اور لاپرواہی کو زبردست تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سخت مایوسی کا اظہار کیا۔ کبڈی کے فائنل میچ میں قومی کبڈی ٹیم کے کپتان بابر گجر نے بھی بطور خاص مہمان شرکت کی۔

مزیدخبریں