اسلام آباد(این این آئی) پاکستان نے بھارت کیساتھ حالیہ تجارتی مذاکرات میں آئندہ ماہ سے بھارت پسندیدہ ترین قوم کا درجہ دینے کی پیشکش 250 سے 300 آئٹمز پر کم سے کم ڈیوٹی عائد کر نے سے مشروط کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزارت تجارت میں ایک اعلیٰ سطح کے عہدیدار نے بتایا کہ مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے کی یقین دہانی کے بعد ایک قانونی ریگولیٹری حکم کے ذریعے ہندوستان کو پسندیدہ ترین قوم کا درجہ دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ موسٹ فوریٹ نیشن کا مطلب ہے کہ 1209 آئٹمز کی منفی فہرست کو ختم کیا جائے۔ یاد رہے کہ 2012ء میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے بھارتی مصنوعات کیلئے اپنی مارکیٹ کو کھول دیا تھا تاہم عام انتخابات کی وجہ سے یہ معاہدہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوسکتا تھا۔ رپورٹ کے مطابق بھارت کو مکمل طور پرموسٹ فیورٹ نیشن کا درجہ دینے کے روڈ میپ کو تین سال سے کم کرکے 45 دن کردیا جو موجودہ کانگرس کی حکومت کیلئے ایک بڑی سیاسی رعایت ہے۔عہدیدار نے کہا کہ کسی بھی قسم کی پیشرفت کا دارومدار بھارت کی جانب سے پاکستان کی پیشکش کے رد عمل پر ہے۔ وفاقی وزیر برائے تجارت خرم دستگیر خان نے نجی ٹی وی کوبتایا کہ تجارتی مذاکرات میں ہم نے اگلے مہینے سے بھارت کو غیرامتیازی مارکیٹ تک رسائی دینے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرامتیازی مارکٹ تک رسائی دینے کی تجویزموسٹ فیورٹ نیشن کے طور پر ایک نیا نام تھا جس میں سیاسی مداخلت کو کم کرنے کی کوشش کی گئی۔ خرم دستگیر نے کہا کہ یہ اسی صورت میں ہوسکتا ہے جب بھارت پاکستانی اشیا کی شناخت کیلئے مارکیٹ تک رسائی فراہم کریگا۔