کراچی (آئی این پی) کراچی کے علاقے لانڈھی میں پولیس موبائل پر حملے میں جاں بحق ہونیوالے کانسٹیبل فدا حسین کی میت آبائی علاقے بھجوانے کیلئے ساتھیوں کو چندہ کرنا پڑا۔ ایڈیشنل آئی جی نے نوٹس لیکر بچوں کو بھی ساتھ بھیجنے کا انتظام کردیا۔ اتوار کو نجی ٹی وی کے مطابق کراچی پولیس کے اہلکار نے زندگی فرض کی راہ میں قربان کردی۔ فدا حسین لانڈھی میں پولیس موبائل پر حملے میں جاںبحق ہوا۔ بیوہ اور 6 بچوں کو سوگوار چھوڑ گیا۔ اسکی میت کے ساتھ اس کے بچوں کو پنجاب بھجوانے کیلئے ساتھی اہلکاروں نے چندہ کیا۔ محکمہ پولیس کی جانب سے فدا حسین کے اہلخانہ کو میت کے ساتھ صرف ایک ٹکٹ دیا گیا تھا۔ چندہ جمع کرنے کی خبر پر ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے نوٹس لیا اور میت کے ہمراہ اسکے اہلخانہ کو بھیجنے کے انتظامات کرا دئیے۔