ہنگو (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) ہنگو کے علاقے بابر میلہ کے ایک گھر کے باہر کھلونا دستی بم پھٹنے سے ایک خاندان کے 6 بچے جاں بحق اور 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بابر میلہ میں حاجی زرگل گھر کا ایک حصہ کرایہ پر لیکر اپنے خاندان کے ہمراہ مقیم تھا۔گذشتہ روز اسکے گھر کے باہر بچے کھیل رہے تھے کہ انہیں کچرے کے ڈھیر سے کھلونا نما گرنیڈ ملا جسے وہ اٹھاکر کھیل رہے تھے بم گھر کی دہلیز پر پھٹ گیا۔ جاں بحق ہونیوالوں میں حاجی زرگل کے 3 بیٹے آصف عمر، عاشق عمر، اسحاق عمر، انکی بہن ذکیہ اور کزن ارضان خان اور محب شامل ہیں۔دھماکے سے گھر کو بھی شدید نقصان پہنچا جبکہ علاقہ لرز اٹھا۔ قریبی گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے، بم ڈسپوزل سکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ جاں بحق بچوں کی نعشیں ہسپتال منتقل کردی گئیں جن کی عمریں 1 سے 7 سال کے درمیان تھیں۔ دھماکے کی ذمہ داری رات گئے تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی۔ پولیس کے مطابق بظاہر یہ دھماکہ دستی بم کا لگتا ہے کیونکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے دستی بم کی پن بھی ملی ہے۔ بتایا گیا ہے حاجی زر گل اورکزئی ایجنسی میں شورش کی وجہ سے نقل مکانی کرکے ہنگو میں کچھ عرصہ قبل بچوں سمیت منتقل ہوا تھا۔ دریں اثناء صدر ممنون حسین، وزیراعظم ڈاکٹر محمد نوازشریف، عمران خان، سید منور حسن، آصف علی زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور دیگر رہنمائوں نے ہنگو میں 6 معصوم بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار اور اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سانحہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کھلونا بم سے بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت سے گری ہوئی کارروائی ہے، ایسے لوگ انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔ حکومت اور فوج دہشت گردی کیخلاف جلد لائحہ عمل مرتب کرکے عملدرآمد کریں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا بے گناہوں کا خون بہانے والے انسان ہیں نہ مسلمان۔ انہوں نے خیبر پی کے حکومت کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔