پیسکو چیف کے گھر چھاپہ‘ بجلی چوری پکڑنے کا دعوی‘ عابد شیر پشت پناہی کر رہے ہیں : شاہ فرمان

پیسکو چیف کے گھر چھاپہ‘ بجلی چوری پکڑنے کا دعوی‘ عابد شیر پشت پناہی کر رہے ہیں : شاہ فرمان

پشاور+ لاہور (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت نیوز+ خبرنگار) وزیر اطلاعات خیبر پی کے شاہ فرمان نے پولیس اہلکاروں اور میڈیا کے ہمراہ پیسکو چیف طارق سدوزئی کے گھر بنگلہ نمبر 1 واپڈا کالونی پر چھاپہ مارا اور بجلی چوری پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ترجمان پیسکو نے انکے الزام کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ چیف ایگزیکٹو پیسکو کی رہائشگاہ پر ڈیجیٹل میٹر نصب ہے اور انہیں قانونی طور پر 15 سو یونٹ مفت بجلی استعمال کرنے کی اجازت ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو خیبر پی کے کے وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے پولیس کے ہمراہ واپڈا کالونی میں پشاور پاور سپلائی کمپنی (پیسکو) کے چیف طارق سدوزئی کے گھر پر چھاپہ مارا اور بجلی چوری کے شواہد اکٹھے کرنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ طارق سدوزئی بجلی چوری میں ملوث ہیں اور گھر کے عقب سے غیر قانونی کنکشن کے ذریعے بجلی حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیسکو کے اہلکار اور افسران خود بجلی چوری میں ملوث ہیں جبکہ وزیر مملکت عابد شیرعلی انکی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ترجمان پیسکو کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبائی وزیر کے الزامات مضحکہ خیز اور غیرشائستہ ہیں، بجلی چوری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر مملکت عابد شیر علی نے الزام عائد کیا تھا کہ شاہ فرمان سمیت خیبر پی کے کے وزراء بجلی چوری میں ملوث ہیں اور بجلی چوروں کی پشت پناہی بھی کر رہے ہیں۔ این این آئی کے مطابق وزیر اطلاعات خیبر پی کے شاہ فرمان نے کہا ہے کہ عنقریب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر کے پیسکو چیف کے گھر میں بجلی چوری اور مزید افسران کی بجلی چوری ثبوت کے ساتھ بے نقاب کرینگے، پیسکو چیف کے گھر پر 2 کنڈے لگے ہیں۔ علاوہ ازیں چیف ایگزیکٹو پیسکو طارق سدوزئی نے کہا ہے کہ شاہ فرمان نے اختیارات کا غلط استعمال کیا، میرے گھر پر چھاپہ غیرقانونی ٹرانسفارمر ہٹانے کا ردعمل ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کے حلقے سے غیرقانونی ٹرانسفارمر ہٹائے تھے، فری یونٹ ملتے ہیں ایسے میں بجلی کیسے چوری کر سکتا ہوں۔ ادھر ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری نے کہا ہے کہ شاہ فرمان کے چھاپے نے بجلی چوری کی قلعی کھول دی۔ عابد شیر علی ہمت کر کے پیسکو چیف کو برطرف کریں۔ پیسکو چیف چوری شدہ بجلی کا بوجھ غریب عوام پر ڈال رہے ہیں۔ عوام وفاق اور پیسکو کی ملی بھگت جان چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...