اسلام آباد(آن لائن) وفاقی حکومت نے سزائے موت کے قیدیوں کی سزا پر عملدرآمد بحال کرنے پر غور شروع کر دیا ہے اور اس مقصد کے لئے ان مجرموں کی فہرست ایوان صدر سے طلب کر لی گئی ہے جن کی رحم کی اپیلیں صدر مملکت نے مسترد کر دی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے دہشت گردی کے جرم میں ملوث ملزمان کی سزائے موت پر عمل کرنے کے لیے سفارشات بھی تیار کرلی ہیں، اس حوالے سے صوبائی حکومتوں سے سزائے موت کے قیدیوں کی فہرستیں بھی طلب کی گئی ہیں جبکہ ایوان صدر سے بھی ان مجرموں کی فہرستیں طلب کی گئی ہیں جن کی معافی کی درخواستیں مسترد کردی گئی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان درخواستوں میں لاہور، کراچی ، پشاور ، کوئٹہ سمیت ملک بھر کے شہروں سے تعلق رکھنے والے ملزمان شامل ہیں جن کو سزائے موت کے لئے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے جاری کررکھے ہیں۔