لاہور (نامہ نگار) شادباغ کے علاقہ میں سی آئی اے کوتوالی پولیس نے مبینہ پولیس مقابلے میں دو افرد کو ہلاک کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد ڈاکو تھے۔ پولیس زرائع کے مطابق سی آئی اے کوتوالی کو اطلاع ملی کہ شرقپور کے رہائشی خطرناک ڈاکو شعیب اور گلفام شادباغ کے علاقہ پھمبے گاؤں میں موجود ہیں جس پر سب انسپکٹر مراتب جٹ نے گاؤں پر چھاپہ مارا تو مبینہ ڈاکوئوں نے اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے شعیب اور گلفام ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے ڈاکوئوں کے قبضے سے موٹر سائیکل، ناجائز اسلحہ، موبائل فون اور دیگر سامان برآمد کر لیا اور نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے شعیب اور گلفام قتل ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور پولیس مقابلے سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ ملزم شعیب کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق پولیس پہلے سے گرفتار دو افرادکو پکڑ کر یہاں لائی اور دونوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کرنے کے بعد پولیس مقابلے کا رنگ دے دیا گیا ہے۔
شادباغ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 افراد ہلاک
شادباغ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 افراد ہلاک
Jan 27, 2014