اسلام آباد (آئی این پی) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ تھری جی لائسنس کی نیلامی کا عمل مارچ کے آخر تک مکمل ہوجائیگا۔ نئی آئی ٹی و ٹیلی کام پالیسی کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔ اپریل تک تمام وزارتوں کو ای گورنمنٹ سسٹم سے منسلک کردیا جائیگا۔ سائبر کرائم بل جلد منظوری کیلئے پارلیمنٹ میں پیش ہوگا۔ گرے ٹریفکنگ میں ملوث 42 ہزار ویب سائٹس بند کر دی گئی ہیں، سوشل میڈیا پر کسی بھی فرد یا شخصیات کا حلیہ بگاڑنا درست فعل نہیں، بڑھتے ہوئے سائبر و سوشل کرائمز کو روکنے کیلئے الیکٹرانک کرائم بل کا ڈرافٹ جلد کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائیگا۔ گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں انوشہ رحمن نے کہا کہ اپریل تک تمام وزارتوں کو ای گورنمنٹ سسٹم سے منسلک کردیا جائیگا۔ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں 3 آئی ٹی پارکس قائم کئے جارہے ہیں۔ فاٹا سمیت چاروں صوبوں میں 500 ٹیلی سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔