نئی دہلی (رائٹر+ آئی اےن پی+ نیٹ نیوز) بھارت کے 66 وےں یوم جمہوریہ کی خصوصی تقرےب کے مہمان خصوصی امرےکی صدر بارک اوباما تھے، سب سے بڑی تقریب بھارتی فوج کی پریڈ تھی۔ روایت کے برعکس تقریب کے مہمان خصوصی صدر اوباما بھارتی ہم منصب کے ساتھ آنے کی بجائے اپنی خصوصی گاڑی میں اپنی اہلیہ مشیل کے ساتھ راج پاٹھ پہنچے جہاں بھارتی وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔ نئی دہلی میں رات سے جاری بارش کے باعث سلامی کے چبوترے پر شامیانہ لگایا گیا تھا۔ راج پاٹھ سمیت پورے دارالحکومت میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ 15 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے اور 45ہزار فوجی تعینات تھے اس موقع پر بھارت کی فوجی قوت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میڈیم رینج میزائل، راڈار پر نظر نہ آنے والے ہتھیار، لانگ رینج کے جدید ایم آئی جی ٹو نائن کے جنگی جہاز پہلی بار پریڈ کا حصہ تھے۔ آرمی، نیوی اور ائر فورس میں ڈیوٹی کرنے والی خواتین بھی پریڈ میں شریک تھیں۔ سیون لیئر سکیورٹی انتظامات کے تحت دہلی کے داخلی اور خارجی راستے مکمل بند جبکہ 400 کلومیٹر کا علاقہ نو فلائی زون قرار دیا گیا تھا۔ 500 امریکی سیکرٹ سروس ایجنٹس اور 50 ہزار سکیورٹی اہلکار ہائی الرٹ رہے۔ 500 اہلکار راج پاٹھ میں لوگوں کے درمیان الرٹ رہے۔ امریکی صدر نے سٹیج پر آکر عوام کو ہاتھ ہلاکر جواب دیا۔ صدر اوباما کو 31توپوں کی سلامی دی گئی۔ اس بار کہر اور ہلکی بارش کے درمیان یہ تقریب ہوئی جس میں پہلی بار بھارت کی تینوں افواج بری، بحری اور فضائیہ کی خواتین دستوں نے شرکت کی۔ اس میں بھارت کی قوت اور جوہری میزائل سمیت تازہ ترین اسلحہ کی نمائش کی گئی جن میں روسی ساخت کے اسلحہ کے ساتھ امریکہ سے خریدا گیا اسلحہ شامل تھا۔ ہیلی کاپٹروں سے وہاں موجود لوگوں پر پھولوں کی پنکھڑیوں کی بارش کی گئی۔ رقص کرتے ہوئے بینڈ ناظرین کے سامنے سے گزارے گئے۔ دوسری جانب وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو یوم جمہوریہ پر مبارکباد کا خط بھیجا ہے۔ خط میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے آپ اور آپ کی حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے بھارتی عوام کیلئے خوشحالی اور ترقی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت کے ساتھ تعاون اور دوستی پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔ خودمختاری، احترام اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تعلقات کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، مل کر عوامی فلاح و بہبود، پرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا کی منزل حاصل کرسکتے ہیں۔
بھارت/ فوجی قوت