خیبر ایجنسی: بمباری سے غیر ملکیوں سمیت8 دہشت گرد ہلاک: مردان میں جھڑپ،3 مارے گئے

Jan 27, 2015

خیبر ایجنسی+ مردان+ بنوں (نیوز ایجنسیاں) خیبرایجنسی میں جیٹ طیاروں کی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری سے غیرملکیوں سمیت 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔ مردان میں سکیورٹی فورسز کی سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں 3دہشت گرد مارے گئے جبکہ جھڑپ میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روزسکیورٹی فورسز نے حساس اداروں کی رپورٹ پر خیبر ایجنسی کے علاقے نکئی سپاہ میں جیٹ طیاروں کی مدد سے ایک گھر کو نشانہ بنایا جو مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔کارروائی کے دوران گھر میں موجود 8 دہشت گرد موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ 14 زخمی ہوگئے جبکہ بمباری سے گھر میں موجود اسلحہ اور بارود مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق لشکر اسلام، تحریک طالبان اور داعش سے ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز مردان کے علاقے کاٹلنگ اور شموزئی میں سکیورٹی فورسز نے حساس اداروں کی خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ادھر بنوں میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بنوں میرانشاہ روڈ کو بند کرکے غیرمعینہ مدت تک کرفیو نافذ کر دیا گیا جبکہ تمام تعلیمی ادارے بھی بند ہوگئے۔ پیر کے روز میرانشاہ بنوں روڈ پر سکیورٹی خدشات اور دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر غیرمعینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کر دیا گیا جس کے بعد تمام تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند کر دیئے گئے جس کی وجہ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق پشاور کے علاقہ بھانہ ماڑی میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد کی فائرنگ سے پولیس کا ہیڈکانسٹیبل سید گل جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک راہگیر زخمی ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ بی بی سی ڈاٹ کام کے مطابق خیبر پی کے میں 2 ہفتے کے دوران سرچ آپریشن کے دوران 5 ہزار سے زائد بیشتر افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں