ممبئی (نیٹ نیوز) بھارتی حکومت نے یوم جمہوریہ کے موقع پر مائیکرو سافٹ کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملینڈا گیٹس، لیجنڈ اداکار محمد یوسف خان المعروف دلیپ کمار، امیتابھ بچن، یوگا گرو رام دیو اور ہندو گرو روی شنکر سمیت کئی شخصیات کو بھارتی سماج کیلئے ان کی گرانقدر خدمات پر ملک کا دوسرا بڑا سول ایوارڈ پدما وبھوشن ایوارڈ دینے کا اعلان کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ اداکار سلمان خان کے والد اور معروف فلم رائٹر سلیم خان کو پدما شری جو پدما وبھوشن سے چھوٹا ایوارڈ ہے، دینے کا بھی اعلان کیا تاہم سلیم خان نے ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے ممبئی میں صحافیوں کو بتایا کہ پدما شری ایوارڈ ان کے مرتبے اور تجربے کے مقابلے میں چھوٹا ایوارڈ ہے جو ان کے کئی جونیئرز کو مل چکا ہے۔ انہیں کم از کم پدما وبھوشن ایوارڈ ملنا چاہئے تھا۔ جاوید اختر کے ساتھ مل کر شہرہ آفاق شعلے اور زنجیر جیسی فلمیں لکھنے والے سلیم خان نے کہا کہ بھارتی حکومت عرصے سے ان کے کام اور فن کو نظرانداز کرتی آئی ہے۔ دریں اثناء یوگا گرو رام دیو اور مذہبی پیشوا روی شنکر نے پدما وبھوشن ایوارڈ لینے سے انکار کر دیا۔ دونوں کا کہنا ہے کہ وہ ہندو مذہب اور انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، انہیں سرکاری ایوارڈ کی ضرورت نہیں۔ واضح رہے کہ مائیکرو سافٹ کے مالک بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملینڈا نے بل گیٹس فاؤنڈیشن کے تحت بھارت میں مختلف بیماریوں کی روک تھام کیلئے اربوں روپے منصوبوں پر خرچ کئے ہیں جس کے اعتراف میں انہیں ایوارڈ دیا گیا۔