اسلام آباد (اے ایف پی+ آئی این پی) عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاور سیکٹر کی جانب سے پی ایس او کو ادائیگیاں نہ ہونا حالیہ پٹرول بحران کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس او کی مالی حالت شدید خراب ہونے کی وجہ سے پاکستان میں توانائی کے بحران کا سامنا رہا۔ تیل کی درآمدات میں اضافے سے بجٹ پر مزید بوجھ بڑھے گا اور ادائیگیوں کا توازن بھی خراب ہوگا جس کے ملکی معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے۔ اپنی رپورٹ موڈیز نے آئی پی پیز کی جانب سے پی ایس او کو ادائیگیاں نہ ہونے اور اسکے نتیجے میں بینکوں میں پی ایس او کی ایل سیز بلاک ہونے کو پٹرول کے بحران کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے اور کہا کہ پاکستان میں پٹرول کے بحران نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) اور پاکستان سٹیٹ آئل کی مالی حالت کی قلعی کھول کر رکھ دی۔ پی ایس او کی مالی حالت شدید خراب ہونے کی وجہ سے پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران توانائی کے بحران کا سامنا رہا۔ آئی پی پیز سے واجبات کی وصولیاں نہ ہونے سے پی ایس او کی مشکلات بڑھیں۔ پاکستان میں تیل کی بڑھتی ہوئی درآمدات معیشت کےلئے نقصان دہ ہیں۔ تیل کی زائد درآمد سے ادائیگیوں کا توازن بگڑنے کا اندیشہ ہے۔ حکومت کو اس حوالے سے بروقت اقدامات کرنے چاہئیں۔
موڈیز