نجی سرمایہ کاری گیم چینجر ہے، پنجاب کو بزنس فرینڈلی بنانے کے لئے قابل عمل پلان پیش کیا جائے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میںصوبے میں صنعتکاری کے عمل کو تیزکرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا صوبے کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی صوبہ پنجاب کی گروتھ سٹرٹیجی کا اہم جزہے اور پنجاب حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی مرتب کی ہے جس پر عملدر آمد کر کے مقررکردہ اہداف کا حصول یقینی بنانا متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے۔ انہوںنے کہا کہ صوبے کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے نجی شعبے کا کردارانتہائی اہمیت کا حامل ہے اوراس ضمن میں نجی سرمایہ کاری گیم چینجر کی حیثیت رکھتی ہے لہٰذا تمام متعلقہ وزراء ،سیکرٹریز اور محکمے انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کے اہداف کے حصول کیلئے کمربستہ ہوجائیں اوراس ضمن میں کاروبارکرنے کے طریقہ کار کو سہل بنانا ترجیح ہونی چاہیے تاکہ نہ صرف صنعتی عمل تیز ہوسکے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں۔ انہوںنے کہا پنجاب کو بزنس فرینڈلی صوبہ بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانا ہوں گے اور پنجاب حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کے تحت مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے متعلقہ محکموں کو فعال اورموثر کردارادا کرنا ہوگا۔نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے محکموں کو ہر طرح کے وسائل اور معاونت فراہم کی جائے گی۔ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈکوموثر کردارادا کرنا ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے باہمی کوآرڈنیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں تاکہ انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کے تحت صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی عمل تیزکرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے حقیقی معنوں میں نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ قائداعظم اپیرل پارک کا منصوبہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایک اہم اقدام ہے لہٰذا اس منصوبے کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر عملدرآمد کا پلان3ہفتے میں مرتب کر کے پیش کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سے پاکستان میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر لولا کاسترو کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفدنے ملاقات کی،ملاقات کے دوران پنجاب حکومت اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے مابین فوڈ سکیورٹی، نیوٹریشن، قدرتی آفات سے نمٹنے اور گندم کے ذخائرہ کو محفوظ رکھنے کیلئے سائلوز بنانے کے حوالے سے تعاون پر تبادلہ خیال بھی ہوا اور ورلڈ فوڈ پروگرام نے پنجاب حکومت کے ساتھ فوڈ سکیورٹی، غذائیت، بھوک کے خاتمے، قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تربیت کی فراہمی اور گندم کے ذخائر کو محفوظ رکھنے کیلئے جدید سائلوز بنانے کے ضمن میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب حکومت اورورلڈ فوڈ پروگرام مختلف منصوبوں پر مل کر کام کررہے ہیں تاہم ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے پنجاب حکومت کے سا تھ مستقبل میں مختلف پروگرامز میں تعاون بڑھانے کا بھرپور خیرمقدم کرینگے۔ انہوںنے کہا خواتین اور بچوں کی اچھی صحت کیلئے غذائیت سے بھرپور خوراک کی فراہمی ضروری ہے۔ پنجاب حکومت اس ضمن میں سکول فیڈنگ سسٹم کے تحت جنوبی پنجاب میں پائلٹ پراجیکٹ چلا رہی ہے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام اس پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے کے ضمن میں تعاون فراہم کر سکتا ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سکولوں میں تربیت کا پروگرام مزید موثر انداز میں جاری رکھنے کیلئے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تعاون کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت فی ایکڑزرعی پیداوار میں اضافے کیلئے کوشاں ہے۔ گندم کے ذخائر کو محفوظ رکھنے کیلئے جدید سائلوز بنانے کے حوالے سے ورلڈ فوڈ پروگرام کیساتھ مستقبل میں مل کر کام کریں گے۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کے ساتھ اشتراک بڑھانا چاہتے ہیںاورورلڈ فوڈ پروگرام خوراک کو ذخیرہ کرنے ،ادارہ جاتی استعدکار بڑھانے ،ریسورس مینجمنٹ ،ہائی برڈ بیجوں کی فراہمی اوردیگر غذائی امور میںاپنی تکنیکی معاونت فراہم کر سکتا ہے۔ ورلڈ فوڈپروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر لولا کاسترو نے کہا فوڈ سکیورٹی، سائلوز کی تعمیر، غذائیت اور دیگر اہم امور پر پنجاب حکومت کو تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔ شہباز شریف کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے قواعد و ضوابط اور دیگر امو رکی منظوری دی گئی۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم میں کمی کیلئے سیف سٹیز پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا اس منصوبے کو پیشہ ورانہ انداز سے آگے بڑھایا جائے۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ کیساتھ فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی میں بھی اس منصوبے پر کام کے آغاز کا جائزہ لے اورحتمی تجاویز پیش کرے۔ شہباز شریف نے حجاز ہسپتال گلبرگ لاہور کے بانی و چیف ایگزیکٹو انعام الٰہی اثر کے انتقال اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے بڑے بھائی انوار العباد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغام میں دعا کی اللہ غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ای پیپر دی نیشن