اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پارلیمنٹ میں نمائندگی نہ رکھنے والی پندرہ سیاسی جماعتوں نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمشن کو آئین پاکستان اور سپریم کورٹ کے 2012 ءکے فیصلے کے مطابق مکمل خود مختاری دی جائے فافین کے زیراہتمام کانفرنس میں 15 جماعتوں نے مجوزہ الیکشن بل 2017 ءکے مسودہ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں سے الیکشن بل 2017 ءپر مشاورت کر کے اسے عوام کی خواہشات کے مطابق بنانے کے لئے اقدامات کرے۔ مجوزہ الیکشن بل الیکشن کمشن کی مکمل آزادی اور خود مختاری کی ضمانت نہیں دیتا۔ ملک میں آزادانہ‘ منصفانہ اور غیر متنازعہ انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن کمشن کو آئین کے آرٹیکل (3) 218 اور سپریم کورٹ کے 2012 ءکے فیصلہ کے مطابق مکمل آزادی اور خود مختاری دی جائے۔ پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات نے پارلیمنٹ سے باہر کی سیاسی جماعتوں سے کوئی مشاورت نہیں کی۔
الیکشن کمشن/ مطالبہ