اسلام آباد (اے پی پی+صباح نیوز) پاکستان اور ایران نے تجارت اور اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کر لیا۔ یہ اتفاق رائے مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور اسلامی مشاورتی مجلس ایران کی کمیٹی برائے خارجہ پالیسی وقومی سلامتی کے چیئرمین علاﺅالدین بروجردی کے درمیان بات چیت کے دوران پایا گیا، جس نے جمعرات کو یہاں دفتر خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے علاوالدین بروجردی کاخیر مقدم کیا۔پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست اور انکے ہمراہ وفد کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں فریقوں تجارت اور اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر ملک ایران کیساتھ تعلقات کو قد کی نگاہ سے دیکھتا ہے،ایران کیساتھ مختلف شعبوں میں مفید تعاون قائم ہے۔انہوں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بحث کی۔ دریں اثناء سینیٹ کے چیئرمین میاں رضابانی سے ایرانی قومی سلامتی اور خارجہ امور کے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ سید علاﺅ الدین بروجردی نے ملاقات کی ، ملاقات میں سید علا ﺅالدین بروجردی اور رضا ربانی نے دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون اور اہم ترین علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔سید علاﺅ الدین بروجردی نے اس موقع پر ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی کی جانب سے، پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی کو تہران میں ہونے والی فلسطین حمایت کانفرنس میں شرکت کا باضابطہ دعوت نامہ بھی پیش کیا۔ ایران کے پارلیمانی وفد نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کی۔دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ علاﺅالدین بروجردی نے کہا کہ ایران علاقائی ترقی کے لئے پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے۔ایاز صادق نے دونوں اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے کی ضرورت پرزور دیا۔
ایرانی وفد
پاکستان اور ایران نے تجارت اور اقتصادی تعاون سمیت دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کر لیا
Jan 27, 2017