اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی) وزیر داخلہ چودھری نثار نے نادرا کی مالی ترسیلات کیلئے ماسٹر کارڈ سے کیے گئے معاہدے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے معطل کردیا۔ چودھری نثار نے نادرا سے بھی جواب طلب کرلیا۔ وزیر داخلہ نے کہا معاہدہ حکومت کی تحریری اجازت حاصل کیے بغیر ہوا۔ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کی گئی جب کہ معاہدہ میں حساس نوعیت کے سکیورٹی معاملات کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا ہے۔ چودھری نثار نے کہا کہ مالی ترسیلات کے سلسلے میں ٹیکنالوجی کا استعمال خوش آئند ہے لیکن غیر ملکی کمپنی کو نادرا ڈیٹا بیس تک کن قوانین کے تحت رسائی دی جارہی ہے، نیشنل ڈیٹا بیس کی سکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جاسکتا اور کسی ادارے کو اپنے مینڈیٹ سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، وزیرداخلہ نے معاہدے کے حوالے سے نادرا سے جواب طلب کرلیا۔ دریں اثناءوفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی پرحملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جن کے پاس دلائل نہیں ہوتے وہ ایسی قابل مذمت حرکت میں ملوث ہوتے ہیں۔ پی ٹی آئی ارکان نے نیشنل اسمبلی کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے غلط روش قائم کی ہے۔
چودھری نثار