::پانامہ کیس پر حکومت کے پاس جواب نہیں، سرکاری وکلا بوکھلاہٹ کا شکار ہیں: سراج الحق

Jan 27, 2017

لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ کیس پر حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں ہے، حکومتی بوکھلاہٹ سے لگتا ہے یہ کیس عوام ہی جیتیںگے، یہ کیس سیاسی تعصبات یا کسی کو ذلیل کرنے کا مسئلہ نہیں ہے، اگر ملک کیلئے پانچ، چھ ہزار لوگ جیلوں میں چلے جائیں تو بڑی بات نہیں، منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ حکومتی وکلا بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اب عدالت میں ایک اور خط پیش کردیا گیا ہے، یہ کیس سیاسی تعصبات یا کسی کو نیچا دکھانے کیلئے نہیں بلکہ مسئلہ ملکی وقار کی بقا اور قومی تحفظ کا ہے۔ ہماری کرپشن کیخلاف فیصلہ کن جنگ کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کو لوٹنے والوں کا احتساب ہونا چاہئے۔ میں سرکاری وکیل کو سلام پیش کرتا ہوں کہ وہ اتنا کمزور مقدمہ لڑ رہا ہے۔ ہماری نیت صاف ہے اور پاکستان کی اصلاح چاہتے ہیں۔ پاکستان کی اصلاح کے لئے کرپٹ لوگوں کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہے جس کی شروعات نوازشریف اور ان کے خاندان سے ہو اور اس کے بعد تمام لوگوں کے خلاف کارروائی ہو جس کا نام پانامہ لیکس میں ہے۔ مریم نواز کے وکیل کی طرف سے عدالت میں جمع کرائے گئے کاغذات پر تبصرہ کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لگتا ہے کہ حکمرانوں نے ایک فیکٹری لگائی ہوئی ہے جو یہ نئے نئے کاغذات تیار کر رہی ہے۔ پانامہ لیکس ایک کہانی ہے جس کا آغاز حکمران خاندان اور اس کا اختتام ان تمام کرداروں پر ہوتا ہے جنہوں نے پاکستان کو لوٹا ہے۔ پارلیمان میں وزیراعظم نوازشریف نے سرکاری حیثیت کو اپنے خاندانی مفاد کا دفاع کرنے کے لئے استعمال کیا۔ پانامہ لیکس میں حکمران پھنس گئے ہیں۔ سپریم کورٹ میں مقدمہ کرنا کسی کو ذلیل کرنا نہیں ہے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کو بدلنے کے لئے سراج الحق، نواز شریف، عمران خان اور آصف زرداری کو بدلنے کی ضرورت ہے، مزدور کو بدلنے سے پاکستان ترقی نہیں کرے گا۔ پاکستان اچھے لوگوں کی وجہ سے چل رہا ہے اور امید ہے کہ یہ ملک اسلامی جمہوریہ بنے گا اور جلد ظلم کے اندھیرے ختم ہوجائیں گے۔ پاکستانی سیاستدان سچ نہیں بولتے جس دن سیاستدانوں نے سچ بولنا شروع کردیا، اسی لمحے پاکستان ٹھیک ہوجائے گا۔ ہماری بدقسمتی ہے کہ پورا نظام وی آئی پی کا غلام ہے۔
سراج الحق

مزیدخبریں