حکومت نے بنکوں سے 280 ارب 45کروڑروپے قرض لیا حجم 8390 ارب تک پہنچ گیا :سٹیٹ بنک

Jan 27, 2017

کراچی(آن لائن)سٹیٹ بنک کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران بینکنگ سسٹم سے حکومت کو قرضوں کے اجرا میں اضافہ ہوا ہے، جولائی سے دسمبر 2016کے دوران بینکاری نظام سے حکومت نے 280 ارب 45کروڑ 50لاکھ روپے کے قرضے حاصل کیے جس کے بعد بینکاری نظام سے حاصل کردہ حکومتی قرضوں کا مجموعی حجم 8390ارب روپے تک پہنچ گیا۔ اس عرصے کے دوران حکومت نے سٹیٹ بنک سے 913ارب 61کروڑ 30لاکھ روپے کے نئے قرضے حاصل کیے جس کے بعد سٹیٹ بنک سے حاصل کردہ قرضوں کی مالیت 2367ارب 88کروڑ 60لاکھ روپے تک پہنچ گئی۔ جون سے دسمبر 2016کے دوران حکومت کے شیڈول بنکوں سے حاصل کردہ قرضوں کی مالیت 633ارب 15کروڑ 80لاکھ روپے کم ہوکر 6022ارب 15کروڑ روپے کی سطح پر آگئی۔واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں حکومت نے بینکاری نظام سے 90 ارب 68کروڑ 10لاکھ روپے کے نئے قرضے حاصل کیے تھے۔اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بنکاری نظام سے نجی شعبے کو کاروباری مقاصد کے لیے قرضوں کے اجرا میں 308ارب 82 کروڑ 90 لاکھ روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نجی شعبے کو جاری کردہ قرضوں کی مجموعی مالیت 3656 ارب 66کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں نجی شعبے کے کاروباری قرضوں میں 225ارب 89کروڑ 50لاکھ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سٹیٹ بنک

مزیدخبریں