سرینگر (بی بی سی + نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر کے گریز سیکٹر میں برفانی تودوں کے نیچے دب جانے سے مزید 7 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے، تعداد 12 ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابقہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ میڈیا کے مطابق 10 نعشیں برآمد کی جاچکی ہیں۔ فوج کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں دو مختلف مقامات پر برفانی تودے گرنے کے واقعات پیش آئے اور فوج کا ایک کیمپ اور ایک گشتی پارٹی ان کی زد میں آگئے۔ علاقے میں کئی دنوں سے بھاری برف باری جاری ہے۔ سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے برفانی تودے گرنے کے مزید واقعات پیش آسکتے ہیں۔ فوج کے مطابق انتہائی خراب موسم کے باوجود فوراً امدادی کام شروع کر دیا گیا اور برفانی تودے کی زد میں آنے والے کیمپ سے ایک جونیئر کمیشنڈ افسر اور 6 فوجیوں کو زندہ باہر نکال لیا گیا۔ لیکن اس حادثے میں تین فوجی ہلاک ہوگئے جن کی نعشیں جعمرات کی صبح برآمد ہوئیں۔ دوسرا واقعہ بھی اسی علاقے میں پیش آیا۔ اس وقت گشتی پارٹی اپنی پوسٹ کی طرف لوٹ رہی تھی۔ فوج کے مطابق خراب موسم کے باوجود بچاو¿ کا کام جاری ہے 'اور اب تک 4 نعشیں برآمد کی جاچکی ہیں۔' خبر رساں اداروں کے مطابق فوج کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ ابھی کئی فوجی لاپتہ ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر پیغام میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فوج کے اہلکاروں کو تیزی سے بچاو¿ کی کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔ گریز سیکٹر لائن آف کنٹرول کے قریب بانڈی پورہ ضلع میں واقع ہے۔
مقبوضہ کشمیر: برفانی تودوں کی زد میںآکر مزید 7 فوجی ہلاک، تعداد 12 ہو گئی
Jan 27, 2017