نوازشریف کو ڈیوس اجلاس میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی‘ عالمی اقتصادی فورم

Jan 27, 2017

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) عالمی اقتصادی فورم نے اپنے ایک خط میں وزیراعظم محمد نوازشریف کی ڈیووس میں فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو عالمی اقتصادی فورم نے مدعو کیا تھا اورسالانہ اجلاس میں ان کی شرکت فورم کے لئے باعث مسرت تھی۔ ورلڈ اکنامک فورم کے میڈیا آپریشن اینڈ ایونٹس کے سربراہ ین زوف نے جنیوا سوئٹزر لینڈ سے 25 جنوری کو اپنے خط میں وضاحت کی کہ وزیراعظم کے دورے کا ایجنڈا ان کی دفتر کی مشاورت سے ان کے مقاصد اور اہم ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا تھا، اس میں اہم کاروباری اور سیاسی رہنماﺅں کے ساتھ مختلف ملاقاتیں شامل تھیں۔ خط میں کہا گیاکہ پاکستان دنیا میں چھٹا بڑا ملک ہونے کی حیثیت سے عالمی برادری کا اہم رکن ہے۔عالمی اقتصادی فورم سرکاری و نجی تعاون کے ذریعے اپنے اقدامات اور منصوبوں میں اسے شامل کرنے کا خواہاں ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کی جانب سے یہ وضاحت ایک مقامی انگریزی روزنامہ کے جواب میں جاری کی گئی ۔ ین زوف نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ رپورٹر اس ضمن میں اپنے مضمون میں حقائق کی عکاسی کرے گا۔

مزیدخبریں