اسلام آباد/ راولپنڈی (اے پی پی+ صباح نیوز) پاکستان اور ترکی کے درمیان اعلیٰ سطح کے ملٹری ڈائیلاگ گروپ کا 12 واں اجلاس 25 اور 26 جنوری کو وزارت دفاع راولپنڈی میں ہوا۔ سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ ترک وفد ڈپٹی چیف آف ترکش جنرل سٹاف امیت دندار کی قیادت میں مذاکرات میں شریک ہوا۔ ابتدائی سیشن سے پہلے جنرل امیت دندار نے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ دفاعی تعاون کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ترکی اور پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی کے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ سیکرٹری دفاع نے ترک وفد کو پاکستان کی طرف سے آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے نتیجے میں حاصل کی گئی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، علاقائی صورتحال خاص طور پر افغانستان اور مشرق وسطیٰ کے حالات سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں پر بات چیت کی گئی۔ دونوں ملکوں کے وفود نے اکتوبر 2015ء میں ترکی میں ہونے والے مذاکرات کے اقدامات پر بھی غور کیا۔ جنرل امیت دندار نے وزیردفاع، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ایئرسٹاف سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، تربیت، دوطرفہ دوروں اور دفاعی آلات کی مشترکہ تیاری سے متعلق امور زیرغور آئے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان سے تر کی کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف جنرل امیت دندار نے یہاں ائیر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آبادآمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ جنرل امیت دندار نے گفتگو میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون میں مزید اضافے سے متعلق امور بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں نے تحائف کا تبادلہ بھی کیا۔ دریں اثنا ترک جنرل نے خطے میں امن و استحکام اور انسداد دہشت گردی کیلئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی جبکہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دونوں ملکوں نے دوطرفہ جامع سٹرٹیجک فریم ورک معاہدے کے لئے کام کرنے پر اتفاق کیا جس میں تعاون کے تمام شعبے شامل ہونگے۔ بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور اس میں دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ پاک ترک اعلیٰ سطح کے ملٹری ڈائیلاگ گروپ کا اگلا اجلاس ترکی میں ہو گا۔