اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)نیشنل الیکٹر ک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں 2روپے 21پیسے کمی کی منظوری دیدی،بجلی کی قیمتوں میں کمی دسمبر2016کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ نیشنل الیکٹر ک پاور ریگولیٹر ی اتھارٹی میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے )کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں ردو بدل کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں سی پی پی اے نے فرنس آئل سستا ہونے کے باعث ماہ دسمبر میں فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں1روپے 58پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی۔ نیپرا نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں مزید36پیسے فی یونٹ کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے2روپے 21پیسے کمی کی منظوری دیدی تاہم کمی کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔