امریکی ریاست فلاڈیلفیا میں امریکی صدر کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا، نوجوان، مرد و خواتین بڑے بزرگ سبھی مظاہرے میں شریک تھے، مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ٹرمپ مخالف نعرے درج تھے، شہریوں نے تارکین وطن پر پابندی واپس لینے اور اوباما کئیر کو دوبارہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سات ممالک کے ویزے منسوخ کرنے کے منصوبے پر امریکا میں مقیم غیرملکی شہریوں میں تشویش بڑھتی جارہی ہے، کئی لوگ ایسے ہیں جو کئی دہائیوں سے امریکا میں مقیم ہیں اور اپنے کاروبار چلا رہے ہیں، مسلمان کمیونٹی امیگریشن پر پابندی کی وجہ سے نئے امریکی صدر سے کافی مایوس نظر آتی ہے.
امریکا کی سابق وزیر خارجہ میڈلن اولبرائٹ اور بگ بینگ تھیوری کی ایک اداکارہ نے کہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ نےامریکی مسلمانوں کا الگ سے اندراج کیا تو وہ احتجاجاً خود کو مسلمان کے طور پر رجسٹر کرائیں گی۔ سابق وزیر خارجہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت آیا ہے جب یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ صدر ٹرمپ ایک حکمنامہ جاری کرنے والے ہیں جس کے تحت تارکین وطن پر پابندی ہو گی۔
ایران کے سٹار اداکارہ ترانے علی دوستی نے ٹرمپ کی مسلم مخالف پالیسیوں پر احتجاجاٰ اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں شرکت سے انکار کردیا، ایرانی اداکار کی فلم دی سیلز مین آسکر کیلئے بھی نامزد ہوئی تھی، تقریب میں شرکت نہ کرنے کا اعلان انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کیا۔