دوران ڈیوٹی منشیات کی ترسیل کو ہر صورت ناکام بنایا جائے،محمد یوسف ملک

راولپنڈی(نیوزرپورٹر) ایس ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرولنگ راولپنڈی ریجن محمد یوسف ملک نے کہا ہے کہ ریجن بھر کے شفٹ انچارج کو ہدایت کی ہے کہ دوران ڈیوٹی منشیات کی ترسیل کو ہر صورت ناکام بنایا جائے تاکہ معاشرے کو منشیات سے پاک کیا جاسکے ۔ ہائی وے پر سفر کے دوران شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہر قسم کے ممنوع اسلحہ رکھنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہائی وے پٹرولنگ پولیس کے ہیڈ کواٹر راولپنڈی ریجن میں ریجن بھر کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریجن بھر کے افسران ہائی وے کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے زیتون اور لکاٹ کے کم از کم 100درخت لگائیں تاکہ ہائی وے کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوسکے اسی طرح بغیر کاغذات کے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے سمیت ہائی وے پرقانون کی پاسداری ہوسکے جبکہ پوسٹ انچارج اپنی ماہانہ رپورٹ جمع کروائیں جس سے ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دی جاسکے۔ دوسری جانب موبائل ایجوکیشن یونٹ شہریوں کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے مہم کو تیز کرے اور شہریوں میں ٹریفک قوانین کا شعور اجاگر کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ سیمینار کا انعقاد کرے جس میں شہریوں کی شرکت کو یقینی بنایا جاسکے۔ شہریوں میں ٹریفک کا شعور اجاگر کرنے کا مقصد قانون کی پابندی کیساتھ ساتھ شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانا ہے کیونکہ اگر شہری ٹریفک قوانین پر عمل پیرا ہونگے تو اس سے حادثات میں خاطر خواہ کمی واقع ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی وے پر سفر کے دوران شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنانا اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی ذمہ داری ہے جبکہ ریجن بھر کے تمام شفٹ انچارج اپنی حاضری کو یقینی بنائے اور شفٹ کی حاضری کو یقینی بنانا انچارج کی ذمہ داری ہوگی جس میں غلفت برتنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ دوسری جانب پٹرولنگ پولیس نہ صرف شاہراہوں پر جرائم کی روک تھام کے لئے برسر پیکار ہے بلکہ عوام الناس میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی اصولوں کی آگاہی کا فریضہ بھی انجام دے رہی ہے اور اس سلسلہ میں ڈرائیوروں ، طلباء و طالبات اور جنرل پبلک کے لئے خصوصی لیکچرز و سیمینارز کے انعقاد کے ذریعہ آگاہی مہم سے روڈ سیفٹی سے متعلق شعور بڑھانے میں مدد ملی ہے جو ٹریفک حادثات میں کمی کے لئے ضروری ہے۔ راولپنڈی ریجن کی موبائل ایجوکیشن یونٹ ہائی ویز پر ٹریفک حادثات کے حوالے سے خصوصی کام کرے تاکہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنائی جاسکیں اور ڈرائیوروں کے ساتھ ساتھ سٹوڈنٹس اور وعوام میں اس امر کا شعور پیدا کیا جائے تا کہ محفوظ سفر اور حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع کو بچانے کے لئے سب اپنا کردار ادا کریں۔ واضح رہے کہ ایس ایس پی پٹرولنگ کی ہدایات کے پیش نظر ایجوکیشن یونٹ کی طرف سے منعقدہ پروگراموں میں ڈی ایس پی پٹرولنگ بھی شرکت کرتے ہیں جس سے ایجوکیشن ونگ کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ رواں ماہ میں بھی موبائل ایجوکیشن یونٹ کی جانب سے ریجن بھر میں مختلف تعلیمی اداروں، پبلک مقامات اور ٹرانسپورٹ اڈوں وغیرہ پر آگاہی لیکچرز و سیمینارز کا اہتمام کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن