لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو الیکشن کمشن کی جانب سے ڈی نوٹیفائی کرنے کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت، الیکشن کمشن، سپیکر قومی اسمبلی اور نواز شریف کو دوبارہ نوٹسز جاری کر دئیے۔ عدالت نے درخواست گزار غلام یاسین بھٹی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمشن، سپیکر قومی اسمبلی اور نواز شریف کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمشن نے 28 جولائی کو غیر قانونی طور پر نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کیا۔ آئین کے آرٹیکل 95 اے کے تحت وزیر اعظم کو صرف عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ہی ہٹایا جا سکتا ہے، نواز شریف کو عوام اور ممبران قومی اسمبلی نے اپنے ووٹوں سے وزیراعظم منتخب کیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمشن کے 28 جولائی کے نواز شریف کی نا اہلیت سے متعلق الیکشن کمشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔
نوٹس جاری