اوکاڑہ(نامہ نگار)اوکاڑہ میں پولیس گردی 10سالہ لڑکے پر وحشیانہ تشدد‘ حالت غیر ہونے پر ورثا کے حوالے کر دیا۔ ورثا بچے کی حالت دیکھ کر سراپااحتجاج بن گئے اور ڈی پی او اوکاڑہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔پولیس تھانہ اے ڈویژن نے بااثرافراد کی ایما پر ساتویں جماعت کے طالب علم10سالہ منیراور اسکے دوبھائیوں کے خلاف ایک چوری کا مقدمہ درج کیا جس میں الزام لگا یا گیا ،انہوں نے جیب تراشی کی ہے۔ پولیس نے 10سالہ منیر کو گرفتار کر کے دودن اسے تشدد کا نشانہ بنا یا اور حالت غیر ہو نے پر اسے ورثا کے حوالے کر دیا۔ اپنے لخت جگر کی تشدد زدہ حالت دیکھ کر ورثاء نے سخت احتجاج کیا اور صحافیوں کو بتایا کہ منیر سکول ٹائم کے بعد ایک میرج ہال میں محنت مزدوری کر تا ہے پولیس نے بااثر افراد کو خوش کرنے کیلئے جھوٹی کہانی بنا کر مقدمہ درج کیا اور کمسن بچے کو وحشیا نہ تشدد کا نشانہ بنا یا ورثاء نے ڈی پی او اوکاڑہ سے مطالبہ کیاکہ پولیس تھانہ اے ڈویژن کی پو لیس گردی کا نوٹس لے کر ہمارے دکھوں کا مداواکیا جائے ورثاء نے بتایا کہ انہوں نے منیر کا تشدد کا میڈ یکل کروالیا ہے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔