ٹریننگ کالجز اور سکولوں میں کوئی انسٹرکٹر ریکروٹس کیساتھ غیراخلاقی رویہ اختیار نہ کرے: عارف نواز

لاہو ر(سٹاف رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے مرکزی مال خانہ کو قربان لائنز سے پولیس ٹریننگ کالج سہالہ منتقلی کے حوالے سے تمام امور کا جائزہ لینے کے بعد فوری فزیبیلیٹی رپورٹ تیار کی جائے تاکہ اسکی باقاعدہ منظوری کے بعد پراجیکٹ پر جلد کام کا آغاز کیا جا سکے۔ وزیر اعلٰی کے احکامات کی روشنی میں ٹریننگ کالج سہالہ میں شجر کاری مہم میں تیزی لائی جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو کم سے کم کرکے ماحول کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام ٹریننگ کالجز اور سکولوں میں کانسٹیبلان اور سب انسپکٹرز کی بہترین تربیت اور راہنمائی کیلئے بین الاقوامی سٹینڈرڈ کو اپنایا جائے اور کوئی بھی انسٹرکٹرز تربیت پانے والے ریکروٹس کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ اختیار نہ کرے بصورت دیگر خود کو سخت کاروائی کیلئے تیار رکھے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس کے دوران سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یٰسین، ڈی آئی جی ٹریننگ وقار احمد عباسی ،ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن شاہدجاوید ، اے آئی جی ڈویلپمنٹ احسن یونس اور پی ایس او ٹو آئی جی پی سجاد حسن منج سمیت دیگر افسران موجود تھے اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ نے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ پنجاب پولیس کے تربیتی نصاب کو اپ گریڈ کرتے ہوئے از سر نو ترتیب دے دیا ہے اور ابتدائی مرحلے میں کانسٹیبل کے تربیتی کورسز کو سالانہ نظام سے سیمسٹر سسٹم میں تبدیل کر دیا ہے کانسٹیبل کی ڈیوٹی ضروریات کی مناسبت سے نئے مضامین اور ٹریننگ ماڈیولز کو نصاب میں شامل کیاگیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن