مری، غیر قانونی عمارتوں کی سروے رپورٹوں کے حوالہ سے اجلاس

مری(نامہ نگار خصوصی) سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پرعملدرآمد کرانے کیلئے مری میں تعمیر ہونے والی بلند اور غیر قانونی عمارتوں کی سروے رپورٹوں کامعائنہ کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل کی صدارت میں اسسٹنٹ کمشنر مری عارف اللہ خان کے دفتر میںجمعہ کے روزایک اہم اجلاس منعقد ہوا جو شام گئے تک جاری رہا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ ،ایڈیشنل کمشنر ریونیو،اسسٹنٹ کمشنرمری و و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن مری ،اسسٹنٹ کمشنر راولپنڈی سٹی،،ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی،نجیب اللہ ترین چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مری ،ڈسٹرکٹ آفیسر ریگولیشن ضلع کونسل راولپنڈی ،ڈپٹی ڈائریکٹر سٹیٹ مینجمنٹ آرڈی اے اور سمیع اللہ میونسپل آفیسر پلاننگ مری نے شرکت کی اس موقع سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں ہوٹلوں سمیت دیگر عمارتوں کے سروے رپورٹوں اور مالکان کی جانب سے جمع کرائی گئی ان کی فائلوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اے سی مری ،چیف آفیسر اور میونسپل آفیسر پلاننگ نے ڈپٹی کمشنر اور دیگر ضلعی حکام کو مکمل بریفنگ دی سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت پرتمام ریکارڈ پیش کردیا جائیگا۔ادھر میڈیا میں خبروں کی اشاعت کے بعد میونسپل کارپوریشن مری نے سپریم کورٹ کی لسٹ میں شامل بلڈنگ ما لکان کو پاکستان انجینئرنگ کونسل کے کسی بھی رجسٹر ڈ آرکیٹکٹ سے کمپلیشن پلان اور اسٹیبلٹی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن مری نجیب اللہ ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پہلے نامزد کردہ آرکیٹکٹ ناکافی تھے۔

ای پیپر دی نیشن