قوم سازشی عناصر کو انتخابات میں جواب دے گی‘ نوازشریف: رابطہ عوام مہم تیز کرنے کا اعلان

لاہور (خصوصی رپورٹر) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تمام تر رکاوٹوں اور سازشں کے باوجود عوام کی خوشحالی اور دہشت گردی‘ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے ساتھ ساتھ معیشت کی بحالی کیلئے دن رات کام کیا ہے جس کی پذیرائی کرتے ہوئے عوام نے اسلام آباد سے لاہور میرے واپسی کے سفر کے دوران اور پھر این اے 120 کے الیکشن سمیت ہر جلسے میں ہمیں داد اور حمایت دی ہے۔ وہ گزشتہ روز جاتی امرا رائے ونڈ میں صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان سے ملاقات اور اپنے والد میاں محمد شریف (مرحوم) اور بھائی میاں محمد عباس شریف مرحوم کی قبروں پر پھول چڑھانے اور محفل نعت کے بعد مسلم لیگی کارکنوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی‘ ملک ارشد ایم پی اے‘ بجاش خان نیازی‘ ملک شاکر‘ ڈاکٹر مظہر‘ ملک عظمت‘ بودی پہلوان‘ ڈاکٹر آفتاب بٹ‘ عثمان تنویر بٹ‘ ملک محمودالحسن‘ سردار نسیم سمیت درجنوں کارکن موجود تھے۔ کارکنوں نے میاں نوازشریف کے ساتھ نمازجمعہ ادا کی۔ جبکہ ان کی تواضع آلو گوشت‘ پلائو اور نان سمیت سویٹ ڈش گاجر کا حلوہ کے ساتھ کی گئی۔ میاں نوازشریف نے مزید کہا کہ سازشی عناصر کو عوام 2018ء کے انتخابات میں جواب دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں ہم ووٹ کے تقدس اور عدل کی بحال کیلئے میدان میں نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں گے جس کیلئے (ن) لیگی کارکن تیار ہو جائیں۔ ملک بھر میں جلسوں کا سلسلہ شروع کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسے جلوسوں میں مزید تیزی لائی جائے گی جبکہ کھوکھلے نعرے لگانے والے مخالفین ہمارے ترقیاتی کاموں کا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔ نوازشریف اور صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان میں مجموعی ملکی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آزاد کشمیر نے نوازشریف کو مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر نوازشریف نے کشمیریوں کی اخلاقی‘ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی حکومت اپنے مؤقف پر قائم ہے اور پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا آزاد خطہ کی ترقی و خوشحالی مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے اورکشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نوازشریف آج ہفتہ کو جڑانوالہ سٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...