کراچی(آئی این پی) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو اللہ کے سوا کوئی نہیں بچاسکتا جبکہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیرمین بنانا حکومت کی بہت بڑی غلطی ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہونے جارہا تھا لیکن پی ٹی آئی نے حکومت میں آکر اسے سنبھالا، سعودی فرمانروا کے آنے پر ایسی سرمایہ کاری ہوگی سب حیران رہ جائیں گے، قرض کے حصول کے لیے آئی ایم ایف کی سخت شرائط میں کمی کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔اسحاق ڈار جعلی شماریات کے ماہر تھے، انہوں نے آئی ایف ایم اور ورلڈ بینک کو جعلی کاغذات دیے تھے، انہوں نے ایک ایک ریلوے سٹیشن پر اربوں روپے ڈبو دیئے۔شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کے معاملے پر میں سپریم کورٹ جارہا ہوں، دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھادیا، پروٹوکول کے ساتھ وہ اسلام آباد میں گھوم رہے ہیں، جن لوگوں نے یہ غلط مشورہ دیا، وہ اب بھگتیں گے اور ساری عمر پچھتائیں گے۔یہ مشورہ دینے والے لوگوں کا نام بتانے کے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ میں نے ادھر ہی رہنا ہے، جہاں میرے پر جلتے ہیں وہاں میں احتیاط کرتا ہوں، میں دوبارہ کہوں گا کہ شہباز شریف کو پی اے سی چیئرمین بنانا بلنڈر ہے۔ جب کسی کو دانت میں درد شروع ہوجائے تو سمجھ جائیں کہ اس کی کیا خواہش ہے، لیکن عمران خان کے پاس این آر او کی کوئی گنجائش نہیں۔چیئرمین نیب سے درخواست کرتا ہوں کہ وائٹ کالم کرائم کے خلاف کارروائی تیز کریں، کرپشن کیس میں گرفتار ملزم کی جانب سے پارلیمنٹ میں پالیسی بیان دینے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اب لاہور کے مقدمے کا انتظار ہے، لیکن یہ لوگ مقدمات منتقل کروالیتے ہیں جس کے خلاف چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو خط لکھوں گا۔مراد علی شاہ کے الزام کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے ایک سال پہلے خط لکھا تھا، وزیراعلیٰ چاہیں تو میں کے سی آر پر ان کے پاس جانے کو تیار ہوں، حالانکہ میں چوروں اور ڈاکوو¿ں کے پاس نہیں جانتا، آصف زرداری کا کیس نواز شریف اور شہباز شریف سے ایک لاکھ گنا زیادہ خطرناک ہے۔کراچی سرکلر ریلوے کو شہر کے مضافاتی علاقوں تک پہنچائیں گے۔ سندھ حکومت اس کا فریم ورک بنائے، ہم اس معاملے پر اس کے ساتھ ہیں، اب بھی کے سی آر نہیں بنی تو قیامت تک نہیں بنے گی۔
شیخ رشید
شہبازشریف کو چیئرمین پی اے سی بنانا بلنڈر، زرداری کو اللہ کے سوا کوئی نہیں بچا سکتا: شیخ رشید
Jan 27, 2019