سانحہ ساہیوال کے ملزمان کو صرف معطل کردینا مسئلے کا حل نہیں‘ شفیق خان

Jan 27, 2019

کراچی (نیوز رپورٹر) اہلحدیث یوتھ فورس سندھ کا تعزیتی اجلاس یوتھ فورس سندھ کے مرکزی سیکریٹر یٹ جامع مسجد ابو بکرصدیق ملیر میں منعقد ہو ا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ایڈیشنل سیکریٹری اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر علامہ شفیق خان پسروری نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں سانحہ ساہیوال میں خلیل فیملی اور ذیشان ڈرائیور کے ساتھ جو بر بریت اور وحشت ناک سلوک کیا گیا اسلامی شرعی قوانین اور ملکی قوانین اسکی اجازت نہیں دیتے۔ یوتھ فورس کا یہ نمائندہ اجلاس حکومت پاکستان کے صدرِ مملکت ، وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ صوبہ پنجاب اور خاص کر پنجاب کے وزیر ِ قانون راجہ بشارت سے مطالبہ کرتا ہے کہ سانحہ کے اصل ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے جنہوں نے ملکی قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ریاست کے اندر ریاست بنا کر یہ شرمناک گھنائونا کھیل کھیلا ہے۔ اجلاس میں یوتھ فورس سندھ کے صدر خالد محمود ادریس گجر، رابطہ سیکریٹری سندھ ابو بکر ارشد وزیر آبادی، مولانا نعمان اصغر ، مولانا سلمان چنگوانی، مولانا محمد رفیق سلفی، قاری عبید الرحمن، مولانا عبد الرئوف غزنوی، اسامہ ارشد وزیر آبادی، عبدالرحمن ، محمد حسین گجر، احسان الٰہی ظہیر، چوہدری ظہیر احمد گجر کے علاوہ مفتی ارشاد، مدارس پریس کو آرڈینیٹر عبد الرحمن عابد حقانی و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ اہلحدیث یوتھ فورس سندھ کے صدر خالد محمود ادریس نے کہا کہ محکمہ پولیس پنجاب کے اعلیٰ افسران کو نوکری سے معطل کرنا اس عظیم سانحہ کا حل نہیں ہے۔

مزیدخبریں