پشاور(بیورورپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ کپتان کی سیاسی کشتی میں سوراخ ہو چکے ہیں اور اب انہیں ڈوبنے سے کوئی نہیں بچا سکتا ، اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی حکومت گرانے کی کسی کوشش کا حصہ نہیں بنیں گے،لاپتہ افراد کو اٹھانے والوں نے جو کرنا تھا وہ کر لیا ،اب ان لاپتہ افراد کو سامنے لایا جائے اور ان کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے، افغان حکومت کی شرکت کوافغان امن مذاکرات کی کامیابی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز مذاکراتی عمل میں افغان حکومت کی شرکت کی اہمیت جان رکھیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز پشاورمیں رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، افغان قونصل جنرل کے نمائندے محمد ہاشم نیازی نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔18 ویں ترمیم کو چھیڑا تو میدان میں ہوں گے، عمران نے اس بندے کو ٹیم کا حصہ بنایا جو زیادہ گالیاں دے سکے۔ اسفندیار ولی خان نے پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین کی سربراہی میں ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو ملک میں جمہوریت کو درپیش خطرات اور مجموعی طور پر پختونوں کے مسائل و مشکلات کے حل کیلئے تمام قوم پرست ،سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے رابطے کرے گی اور پختونوں کو درپیش مسائل اور جمہوریت کو لاحق خطرات کے حوالے سے پارٹی کی طرف سے مذاکراتی کمیٹی ہو گی۔ ایک جھوٹ کو چھپانے کیلئے 100 جھوٹے اور بولنے پڑتے ہیں، علیمہ بیچاری نے بہت محنت کی اور سلائی مشینوں سے اربوں روپے کی جائیداد بیرون ملک بنا لی۔عمران خان کہتے ہیں کہ والدہ کے علاج کیلئے میرے پاس پیسے نہیں تھے تو بہن علیمہ سے مانگ لیتے ان کی بھی والدہ تھیں ،علیمہ نے والدہ کے علاج کیلئے پیسے کیوں نہیں دیئے ،دوسروں کو چور چور کہنے والے خود چور نکلے ۔چیلنج کرتا ہوں علیمہ خان کے معاملے پر جے آئی ٹی بنائی گئی تو مزید اربوں کی پراپرٹی نکلے گی۔