عمران خان حکومتی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے پر یقین رکھتے ہیں : علی امین گنڈاپور

Jan 27, 2019

اسلام آباد (این این آئی)گلگت بلتستان کے گورنر راجہ جلال حسین مقپون نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور سے ملاقات کی۔ملاقات میں گلگت بلتستان کے آئینی حقوق اور ترقیاتی منصوبوں کے حواے سے تفصیلاً بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے حوالے سے حالیہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر تفصیلاً مشاورت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان کی حکومت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی میں یقین رکھتی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبہ خیبر پی کے میں موثربلدیاتی نظام کے ذریعے اختیارات بلدیاتی اداروں کے حوالے کیے۔ اُن کی حکومت آئینی اور قانونی دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے گلگت بلتستان کو بااختیار کرنے کے حوالے سے مشاورت کر رہی ہے۔ اس ضمن میں مزید تجاویز کیبنٹ اجلاس میں جلدپیش کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ گلگت بلتستان میں سیاحت کی ترقی کے حوالے سے مستقبل قریب میں ایک بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں نے ابتدائی طورپر گلگت بلتستان کے آٹھ مقامات کو جدید طرز پر تعمیر کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ سیاحت کے مزید فروغ کے لیے گلگت چترال سڑک پر کام کا بھی جلدآغاز کیا جائے گا جس سے ایک طرف گلگت بلتستان کے عوام کو آمد ورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی تو دوسری جانب گلگت بلتستان میں سیاحوں کی تعداد کو مزیدبڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ گورنر گلگت بلتستان نے گلگت اور سکردو کے لیے لاہور اور کراچی سے پی آئی اے کی پروازیں شروع کرنے بھی کی تجویز دی ، گورنر گلگت بلتستان نے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے نئی ویزاپالیسی کو انتہائی خوش آئند قرار دیا۔ عمران خان کے دس بیلن ٹری منصوبے کے حوالے سے بات چیت کرتے وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ایک تفصیلاً سروے کے بعد ترجیحا پھلوں کے درخت لگائے جائیں گے جس سے ایک طرف ماحول کو بہتر بنایا جاسکے تو دوسری جانب پھلوں کی آمدن سے مقامی آبادی کی آمدن کو بھی بڑھایا جا سکے ، گلگت بلتستان سے پھلوں کی محفوظ ترسیل کے لیے گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں کولڈ سٹوریج بنانے کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔ملاقات میں گلگت بلتستان میں ماہی پروری کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ اتفاق کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں ٹراوٹ مچھلی کی 375 ٹن کی موجودہ پیداوار کو بڑھا کر 1200 ٹن تک کرنے کیلئے وفاقی حکومت اپنا تمام تر تکنیکی ومالی معاونت پیش کریگی۔ گلگت بلتستان میں جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر بریڈنگ سنٹرز بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ گلگت بلتستان میں صحت اور تعلیم کی بہتر سہولیات میسر کرنے کے لیے وفاقی وزیر نے کہاکہ گلگت بلتستان میں ہسپتالوں اور تعلیمی اداروںمیں سہولیات سے متعلق رپورٹ طلب کر لی گئی۔ گلگت بلتستان میں ایم آر آئی مشینزسمیت دیگر جدید مشینری اور جدید بیڈز فراہم کیے جائیں گے۔

مزیدخبریں