لاہور ( لیڈی رپورٹر) ممبر قومی اسمبلی و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان ثوبیہ کمال خان نے کہاہے کہ بھارتی یوم جمہوریہ 26جنوری کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہاہے ، بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے ، جمہوریت کا کوئی نام ونشان نظر نہیں آتا ہے،بھار ت نے سری نگر کے علاقے میں ایک بار پھر ظلم و بربریت اورجارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ سے مزید 2 نوجوان کشمیریوں کو شہید کردیاجس کی شدیدمذمت کرتے ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری آج بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پرمنا رہے ہیں اس موقع پروادی میں مکمل ہڑتال ہے جب کہ کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے بند اورٹرانسپورٹ معطل ہیِ گھر گھر سیاہ پرچم لہرا دیے گئے اور بھارتی فوج نے کرفیو نافذ کرکے وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے پاس جموںوکشمیر میں اپنایوم جمہوریہ منانے کا کوئی قانونی، آئینی یا اخلاقی جواز نہیں کیونکہ اس نے کشمیر پر کشمیریوں کی خواہشات کے برخلاف غیر قانونی طورپر قبضہ کررکھا ہے،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی ٗ سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی حکومت اپنے موقف پر قائم ہے ٗ پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے مزید کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے معصوم کشمیریوں پر ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے دنیا کو آگاہ کرنا ہو گا، اور بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔