کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارش برسانے والے سسٹم داخل ہوگیا۔ پنجگور، مستونگ اور دیگر علاقوں میں بارش سے ندی نالے ایک ہوگئے۔ وادی کوئٹہ کے نواح میں بارش اور ہلکی برف باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے منگل سے جمعہ تک مزید بارش اور برف باری کی پیش گوئی کردی۔ قلات، مستونگ، خضدار، واشک اور پنجگور سمیت صوبے کے کئی علاقوں میں شروع ہوئی جبکہ پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، شیرانی اور ملحقہ علاقوں میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ وادی کوئٹہ میں بھی سہ پہر سے موسم ابرآلود ہے جبکہ نواحی علاقوں اسپین کاریز، سورینج، ہنہ جھیل اور ہنہ اوڑک میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ زیارت میں بھی بارش اور ہلکی برف باری ہوئی۔ دوسری جانب ڈائریکٹر موسمیات بلوچستان کے مطابق صوبے میں بارش برسانے والا موجودہ سسٹم رات گئے تک ختم ہوجائیگا، تاہم منگل 29 جنوری سے بارش برسانے والا نیا سسٹم صوبے میں داخل ہوگا۔