بھارتی حکمران خون آلود ہاتھوں سے یوم جمہوریہ منا رہے ہیں:اشرف آصف جلالی

لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے بھارت کے یوم جمہوریہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: آج یوم جمہوریہ کے موقع پر پورا ہندوستان خون کے آنسو رو رہاہے۔ مظلوموں کی آہوں اور ستم زدہ لوگوں کی چیخ و پکار نے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ بنا دیا ہے۔ بھارتی حکمران اپنے خون آلود ہاتھوں سے یوم جمہوریہ کا جشن منا رہے ہیں۔ بھارت میں ہر بعد والا دن پہلے سے زیادہ خوفناک ہوتا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں نازی طرز کے حراستی کیمپ لگانے کا بھارتی اعلان کھلی جارحیت ہے۔کشمیریوں کو عقوبت خانوں میں ڈال کر انہیں سچے نظریات سے دست بردار نہیں کیا جاسکتا ہے۔ہندوستان کا ہٹلر نت نئے انداز سے مسلمانوں کو اذیت دینا چاہتا ہے ۔کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کو زیادہ دیر تک دبانا بھارت کے بس میں نہیں ہے ۔ یہ کشمیریوں کی جد وجہد کا خلوص ہے کہ انکی زبان سے نکلا ہوا آزادی کا نعرہ آج پورے ہندوستان میں گونج رہا ہے۔


معذرت خواہانہ لہجہ کشمیریوں کو کبھی آزادی نہیں دلوا سکتا ۔ بھارت کو کوئی ڈیڈ لائن دیے بغیر سلامتی کونسل کے اس سے مطالبات محض باسی کڑاہی میں اُبال ہے ۔ المیہ یہ ہے کہ 72 سالوں سے سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر پر قرارداد سے بڑھ کر عملی امداد تک نہیں پہنچ پائی۔سلامتی کونسل مسلمانوں کے حق میں جو قرار دادیں ہو انہیں صرف زیادہ سے زیادہ منظور کروانے کا کردار ادا کرتی ہے ۔اور جو مسلمانوں کے خلاف قرار دادیں ہوں انہیں صرف منظور ہی نہیں ان پر سختی سے عمل بھی کرواتی ہے۔کشمیریوں کی لگا تار اور انگنت قربانیوں کا صلہ ان شاء اللہ ایک دن انہیں ضرور آزاد ریاست کی شکل میں ملے گا۔

ای پیپر دی نیشن