حکومتی کشتی میں سوراخ ہوگیا‘ ڈوبنے سے کوئی نہیں بچاسکتا:امیرالعظیم

Jan 27, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہاہے کہ حکمرانوں کی غلطیوں اور کوتاہیوں کی وجہ سے حکومتی کشتی میں سوراخ ہوگیاہے ۔ اب جتنے مرضی چپو چلائیں اس کشتی کو ڈوبنے سے کوئی نہیں بچا سکتا ۔عقلمند حکومتی کشتی سے چھلانگیں لگا رہے ہیں ۔اب بچے گا وہی جو تیرنا جانتاہوگا ۔ حکومت کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر کرپشن سے ہاتھ رنگنے والوں نے دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹا ۔ آٹا اور چینی بحران پیدا کرنے والے بھی حکومتی صفوں میں موجود ہیں اور مہنگائی کر کے عوام کا خون چوسنے والوں کو بھی کسی کا ڈر خوف نہیں ۔عوا م ان بہروپیوں کو پہچانیں او ر ہوشیار ہو جائیں ۔

نعروں ، دعوئوں اور خوشنما تقریروں کے فریب میں آ کر آئندہ کسی کو ووٹ دینے کی غلطی نہ کریں ۔ ملک و قوم کے مسائل کا حل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے ۔ حکمرانوں نے ڈیڑھ سال میں ہی نااہلی اور ناکامی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں ۔ حکومت کی ناکامیوں کو دیکھ کر اب اس کے اپنے لوگ چھوڑ کر جارہے ہیں اور حکومتی اتحادیوں کے تحفظات بڑھ گئے ہیں ۔ حکومت اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کے لیے ہاتھ پائوں مار رہی ہے مگر لگتا نہیں کہ وہ کشتی پار لگانے میں کامیاب ہوسکے ۔

مزیدخبریں