کراچی (اسپورٹس رپورٹر)9سال بعد ’’17ویں ٹور ڈی پاکستان انٹرنیشنل اینٹی نارکوٹکس سائیکل ریس‘‘ 22مارچ سے 6اپریل2020تک 14 مراحل طے کرکے پشاور پہنچے گی ،جسکا شیڈول اور نقشہ جاری کردیا گیا ہے۔ ریس کے چیف آرگنائزر اور پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے لائزن آفیسربرائے سندھ اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان نے کہا کہ یہ سائیکل ریس کراچی سے22مارچ کو شروع ہوگی اور184کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد حیدرآباد پہنچے گی ایک رات آرام کے بعد 23مارچ کو سائیکلسٹ135کلومیٹر کیلئے نوابشاہ کو روانہ ہونگے ،24مارچ کو نوابشاہ سے نوشہرو فروز 178 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرینگے ، 25مارچ کو نوشہرو فروز سے سکھر 155کلومیٹر اور26مارچ کو ریس کے سب سے بڑے فاصلے 205کلومیٹر طے کرنے کیلئے ریس کے پانچویں مرحلے سکھر سے رحیم یار خان روانہ ہونگے۔27مارچ کو رحیم یار خان میں ایک دن آرام کے بعد سائیکلسٹ 28مارچ کو رحیم یارخان سے راجن پور تک 110کلومیٹر کا فاصلہ طے کرینگے۔29مارچ 135کلومیٹر کے فاصلے کیلئے سائیکلسٹ راجن پور سے ڈیرہ غازی خان روانہ ہونگے۔ 30مارچ 105کلومیٹر فاصلے کیلئے سائیکلسٹ ڈیرہ غازی خان سے ملتان کیلئے روانہ ہونگے۔ 31مارچ کو 165کلومیٹر فاصلے کیلئے ملتان سے ساہیوال روانہ ہونگے۔ یکم اپریل کو 153کلومیٹرفاصلے لئے ساہیوال سے فیصل آبادکیلئے روانہ ہونگے۔ 2اپریل 158کلومیٹر فاصلے کیلئے سائیکلسٹ فیصل آباد سے لاہور روانہ ہونگے۔ 3اپریل کو لاہور میں ایک دن آرام کرنے کے بعد 4اپریل کوسائیکلسٹ لاہورسے گجرات کیلئے101کلومیٹر کیلئے روانہ ہونگے۔ 5اپریل کو سائیکلسٹ 176کلومیٹرکا فاصلہ طے کرنے کیلئے گجرات سے راولپنڈی اور آخری مرحلہ میں میں6اپریل کو راولپنڈی سے پشاور تک172کلومیٹر کا فاصلہ طے کرینگے۔
17ویں ٹور ڈی پاکستان سائیکل ریس 22مارچ سے 6اپریل تک ہو گی
Jan 27, 2020