لاہور(نامہ نگار )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے احکامات پر فیلڈ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے، پبلک سروس ڈلیوری میں مزید بہتری اور اہلکاروں کی ویلفیئر سے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے ا یڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان (ستارہ امتیاز) نے گوجرانوالہ اور فیصل آباد ریجنز کے دورے کئے اور پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی)کی جانب سے شاہرات پر عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں کا جائزہ لیتے ہوئے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی نے گوجرانوالہ ریجن میں پٹرلنگ پوسٹ احمد پور ورکاں کا افتتاح کیا جبکہ فیصل آباد ریجن میں چوکی کمال پور کا بھی دورہ کیا اور وہاں تعینات عملہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے پولیس چوکیوں میں کلین گرین پاکستان ویژن کے تحت پودے بھی لگائے۔ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی نے دونوں ریجنز میں پولیس دربار میں افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کارکردگی کے لئے لازم ہے کہ پٹرولنگ پولیس ہر صورت مسافروں کا اعتماد جیتے۔
اور اس کے لئے فیلڈ افسران خاص طور پر عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ پی کا کام جہاں شاہراہوں پر جرائم کو روکنا ہے وہیں مسافروں کی راہنمائی اور مدد بھی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔