پاکستان، بنگلہ دیش تیسرے ٹی 20 میں آج مدمقابل، سیریز کلین سویپ کرینگے: محمد حفیظ

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان ٹیم نے سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ پاکستان ٹیم کو آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن کو برقرار رکھنے کیلئے بنگلہ دیش کیخلاف تیسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل کرنا ضروری ہے۔ پاکستان کی طرف سے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے ٹیم میں ایک سے دو تبدیلوں کی توقع کی جا رہی ہے تاکہ دیگر کھلاڑیوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان اب تک بارہ ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 10 میچز میں پاکستان جبکہ بنگلہ دیش ٹیم صرف دو میچز میں کامیاب ہو سکی ہے۔ سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹیم کی کامیابی سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، خوشی اس بات کی ہے کہ اپنی کارکردگی سے بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں قومی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب رہا۔ سینئر کھلاڑی ہمیشہ ٹیم کو فائدہ دیتے ہیں۔ ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اپنی پرفارمنس سے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کروں۔ بنگلہ دیش کیخلاف ہوم سیریز میں پرفارم کرنے کا بہترین موقع تھا جس کا فائدہ اٹھایا۔ کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے پر بے حدخوش ہوں۔ پہلے میچ میں شعیب ملک کی عمدہ کارکردگی پر بہت خوشی ہوئی اب میں نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ میں نے ٹیم انتظامیہ اور آفیشلز کو پیشکش کی تھی کہ اگر میری ٹیم میں جگہ نہیں بنتی تو بتا دیں، جب کارکردگی کے باجود آپ کو ڈراپ کردیا جائے تو دکھ ضرور ہوتا ہے۔ میں ہمیشہ مثبت سوچتا ہوں اور محنت کرتا ہوں۔ اگر معاملات پر سینئر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لے لیا جائے تو معاملات بہتر ہوجاتے ہیں۔ میرے 12 ہزار میں سے 11 ہزار رنز پاکستان سے باہر بنے ہیں۔ کون کہتا ہے کہ بیرون ملک ناکام رہا ہوں۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سمیت وائٹ بال کرکٹ کھیلنا چاہتا تھا۔ وائیٹ بال میں پرفارم کرنے کا موقع ملا تو میں نے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا ہے۔ عام طور پر لاہور میں پچز بیٹنگ کیلئے ساز گار ہوتی ہیں اس مرتبہ پچز تھوڑی سے مشکل ہیں، اس کے باوجود کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ ہمارے بلے بازوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں صرف ان کو میچ کوختم کرنا سکھانے کی ضرورت ہے۔ بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں کامیابی سے کپتان ، کوچ اور کھلاڑیوں کی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ کامیابی کے بعد ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں کلین سویپ کریں گے۔ بائولنگ ٹیسٹ کی پریکٹس کررہا ہوں۔ بہت جلد بائولنگ ٹیسٹ کلیئرکرلوں گا۔یز نام کرنے پر کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔سابق کپتان نے حارث رئوف کو بہترین بائولر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ قومی ٹیم کا مستقبل ہیں۔ جو ہر چیلنج کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔پاکستانی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کو ہرانے سے قبل آخری ٹی ٹونٹی سیریز اکتوبر2018ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف جیتی تھی۔دو میچ جیت کر پاکستان کا عالمی نمبر تین پر جانے کا خطرہ ٹل گیا لیکن عالمی نمبر ایک پوزیشن بچانے کیلئے پاکستان کو آج آخری میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہے تاکہ پاکستان کی نمبر ایک پوزیشن بچ سکے۔

ای پیپر دی نیشن