اسلام آباد ( جاوید صدیق) چین نے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے چینی کمیونسٹ پارٹی کی اعلی قیادت کا ا جلاس طلب کرلیا۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی صدارت میں چینی کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں پھیلنے والے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ اجلاس میں پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کی نگرانی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ملک میں کرونا وائرس کی روک تھام کے کام کی نگرانی کرے گی سنٹرل کمیٹی نے ایک خصوصی گروپ کو صوبہ ھوبی میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں سے کرونا وائرس کا آغاز ہوا سنٹرل کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدر نے کہا کہ انسانی زندگی سب سے اہم ہے جسے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جائے اور انسانی زندگیوں کو بچایا جائے۔ صدر شی نے جو چینی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل بھی ہیں حکومت اور پارٹی دونوں کو ہدایت کی چین کو ہر صورت میں اس مہلک وائرس سے پاک کیا جائے۔