لاہور(نیوز رپورٹر) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سے بدامنی کے بادل چھٹ گئے ہیں، پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جو دلکش اور قدرتی مناظر سے مالا مال ہے۔ حضوری باغ میں لاہور بینالے فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام دوسرے بینالے ثقافتی میلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ہم اپنی زندگی میں اتنا مگن ہوگئے ہیں کہ اپنی ثقافت کو ہی بھول گئے ہیں، میں یہ دیکھ کر بہت پریشان ہوں کہ ہمارے عوام بالخصوص بچوں کی عجائب گھروں میں آمد بہت کم تعداد میں ہوتی ہے۔ صدر مملکت عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان تاریخ اور ثقافت سے مالا مال ہے، ہمیں اس کی ترویج کے لیے کوشاں رہنا ہوگا۔ تقریب میں مختلف ممالک کے سفرائ، غیر ملکی مندوبین سمیت مختلف مکاتب فکر سے وابستہ افراد نے شرکت کی جبکہ 44 ممالک کے فنکار 26 جنوری سے 29 فروری تک جاری رہنے والے لاہور بینالے کا حصہ ہونگے۔
بدامنی کے بادل چھٹ گئے، تاریخ و ثقافت کی ترویج کرنا ہوگی: صدر علوی
Jan 27, 2020