اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم نے کہاہے کہ حکمرانوں کی غلطیوں اور کوتاہیوں کی وجہ سے حکومتی کشتی میں سوراخ ہوگیاہے ۔ اب جتنے مرضی چپو چلائیں اس کشتی کو ڈوبنے سے کوئی نہیں بچا سکتا ۔عقلمند حکومتی کشتی سے چھلانگیں لگا رہے ہیں ۔اب بچے گا وہی جو تیرنا جانتاہوگا ۔ حکومت کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر کرپشن سے ہاتھ رنگنے والوں نے دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹا ۔ آٹا اور چینی بحران پیدا کرنے والے بھی حکومتی صفوں میں موجود ہیں اور مہنگائی کر کے عوام کا خون چوسنے والوں کو بھی کسی کا ڈر خوف نہیں ۔عوا م ان بہروپیوں کو پہچانیں او ر ہوشیار ہو جائیں ۔ نعروں ، دعوئوں اور خوشنما تقریروں کے فریب میں آ کر آئندہ کسی کو ووٹ دینے کی غلطی نہ کریں ۔ ملک و قوم کے مسائل کا حل ملک میں شاندار اسلامی انقلاب ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امیر العظیم نے کہاکہ حکمرانوں نے ڈیڑھ سال میں ہی نااہلی اور ناکامی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں ۔ حکومت کی ناکامیوں کو دیکھ کر اب اس کے اپنے لوگ چھوڑ کر جارہے ہیں اور حکومتی اتحادیوں کے تحفظات بڑھ گئے ہیں ۔ حکومت اپنی ڈوبتی کشتی کو بچانے کے لیے ہاتھ پائوں مار رہی ہے مگر لگتا نہیں کہ وہ کشتی پار لگانے میں کامیاب ہوسکے ۔ حکومت پندرہ ماہ میں عوام کوکوئی ریلیف نہیں دے سکی ۔ نااہلوں کے ٹولے کو عوام کی گردنوں پر مسلط کرنے والے بھی پریشان دکھائی دیتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عوام ان لٹیروں کے چنگل سے نکلنے کے لیے جماعت اسلامی کی جمہوری جدوجہد کا ساتھ دیں اور آئندہ انتخابات میں جماعت اسلامی کی دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں ۔
حکمرانوں کی غلطیوں اور کوتاہیوں کی وجہ سے حکومتی کشتی میں سوراخ ہوگیاہے ،امیرالعظیم
Jan 27, 2020