فلسطینی قیادت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کے اعلان کی صورت میں معاہدہ اوسلو کو خیرباد کہنے کی دھمکی دے دی۔ ذرائع کے مطابق فلسطینیوں کے اعلیٰ مذاکرات کار صائب عریقات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ نے اپنے منصوبے کا اعلان کیا تو تنظیمِ آزادی فلسطین (پی ایل او) معاہدہ اوسلو کے اہم حصے عبوری سمجھوتے سے دستبردار ہونے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدام سے اسرائیل کا فلسطینی علاقوں پر عارضی قبضہ مستقل قبضے میں تبدیل ہوکررہ جائے گا۔ واضح رہے کہ امریکی صدر رواں ہفتے مشرقِ وسطی میں قیام امن کے لیے اپنے مجوزہ امن منصوبے کا اعلان کرنے والے ہیں۔