لاہور‘ اسلام آباد ‘ فیصل آباد (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار+ آن لائن) آن لائن امتحان نہ لینے پر طلباء کے احتجاج میں گزشتہ روز شدت آ گئی۔ فیصل آباد میں پتھراؤ پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ نتیجے میں 6 طلباء زخمی ہو گئے۔ متعدد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ لاہور میں طلباء نے نجی یونیورسٹی کا گیٹ توڑ دیا اور فلائی اوور پر قبضہ کر لیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلباء کے روپ میں غنڈہ عناصر نے یونیورسٹی پر حملہ کی کوشش کی ہے۔ دوسری طرف وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا ہے یونیورسٹی کے وائس چانسلرز سے کہا ہے مشاورت کریں کیا رواں سال خصوصی حالات میں آن لائن امتحان ممکن ہے۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق شوکت خانم کے قریب نجی یونیورسٹی کے طلباء نے آن لائن امتحان کے حوالے سے مبینہ احتجاج کیا۔ جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلباء کے روپ میں غنڈہ عناصر نے یونیورسٹی پر حملہ کی کوشش کی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جوہر ٹاؤن کے علاقہ میں نجی یونیورسٹی کا دروازہ بھی توڑ دیا گیا اور مبینہ طور پر یونیورسٹی سٹاف کو یرغمال بنا لیا گیا۔ دھاوا بولنے والوں نے قریبی فلائی اوور پر قبضہ کر لیا۔ احتجاج اور ٹریفک جام کے باعث مصروف شاہراہ پر گزرنے والے شہری خوار ہو کر رہ گئے۔ فیصل آباد سے آن لائن کے مطابق ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی اور این ایف سی انجینئرنگ نیشنل انسٹیٹیوٹ فیصل آباد کے طلباء نے آن لائن امتحانات نہ لینے پر دوسرے روز بھی احتجاج جاری رہا اور احتجاج کے دوران طلباء نے جڑانوالہ اور شیخوپورہ روڈ کو بلاک کردیا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ اس دوران پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور طلباء نے پولیس پر بھی پتھراؤں شروع کردیا۔ پولیس نے طلباء کو منتشرکرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا جس سے چھ طلباء زخمی ہوگئے اور پولیس نے 12 سے زائد طلباء کو حراست میں لے کر تھانہ منتقل کردیا۔ طلباء کی زخمی اور گرفتاری پر احتجاج میں مزید شدت آگئی اور طلباء نے سڑکوں بلاک کرکے دھرنا دیدیا۔ اسلام آباد سے نامہ نگار کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ امتحانات کے حوالے سے فیصلہ یونیورسٹیز نے کرنا ہے۔ وی سیز دیکھیں اس سال مخصوص حالات میں ممکن ہے تو آن لائن امتحانات کرا لیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آن لائن امتحانات کیلئے طلباء کے احتجاج پر اپنے پیغام میں کہا ہے ایچ ای سی کو یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز سے رابطے کا کہا ہے‘ وی سیز دیکھیں اس سال مخصوص حالات میں ممکن ہے تو آن لائن امتحانات کرا لیں۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیز کو دیکھنا ہے ان کے پاس امتحان لینے کی صلاحیت بھی ہے یا نہیں‘ یقینی بنایا جائے آن لائن امتحانات کو گریڈ لینے کیلئے غلط استعمال نہ کیا جائے‘ اچھے سوالنامے کی تیاری اہم ہے۔ علاوہ ازیں جوہر ٹائون کے علاقہ میں نجی یونیورسٹی میں مبینہ حملہ کے حوالے سے یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے امتحانات گورنمنٹ کے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق لئے جائیں گے جبکہ اس حوالے سے وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والے طلباء سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ آن لائن امتحان کے ذریعے ڈگریاں لینے والے طلباء کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ کم ہے۔