تیل کے درآمدی بل میں پہلی ششماہی کے دوران 22.32 فیصد کمی : ادارہ شماریات 

Jan 27, 2021

اسلام آباد  (اے پی پی):رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں تیل کا درآمدی بل 22.32 فیصد کم ہو گیا۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی دسمبر 2020 کے دوران تیل کی مجموعی درآمدات کا حجم 4771.471 ملین ڈالر تک کم ہو گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019  کے دوران درآمدات کا حجم 6142.197 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران تیل کی درآمدی بل میں 1370.726 ملین ڈالر یعنی 22 فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق تیل کی مجموعی درآمدات میں کمی کے بنیادی اسباب میں پٹرولیم مصنوعا ت اور خام تیل کی درآمدات میں ہونے والی کمی شامل ہے۔پی بی ایس کے مطابق رواں مالی سال میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں 16.30 فیصد کمی سے درآمدات کا حجم 2591.065 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 2168.674 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔ اسی طرح کروڈپٹرولیم کی درآمدات میں بھی 25.31 فیصدد کمی ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں درآمدات میں حجم گزشتہ مالی سال کی 1771.251 ملین درآمدات کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 1322.952 ملین ڈالر تک کم ہو گیا۔ مزید برآں ایل این جی کی درآمدات بھی 35.33 فیصد کی کمی سے 1626.814 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 1025.124 ملین ڈالر تک کم ہو گئیں۔ 

مزیدخبریں