لاہور(نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی کو نہیں بلکہ مسلم لیگ کے بیانیہ کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں۔ اگر اپوزیشن گھر چلی گئی تو کھیل کا حسن ختم ہو جائے گا۔ ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جیل میں حب الوطنی کے جذبہ کے تحت نہیں گئے بلکہ ان پر کرپشن کے الزامات ہیں۔ اگر چین کو رول ماڈل کے طور پر رکھا جائے تو وہاں کرپشن پر پھانسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے سینٹ انتخابات میں وہ بکرا منڈی نہ لگے جو ہمیشہ لگتی ہے۔ دریں اثناء ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عقل کی اندھی راجکماری اور اس کی کنیزوں کو کوئی سیاسی سمجھ بوجھ نہیں۔ سینٹ الیکشن پر ایک بار پھر راجکماری اور اس کی کنیزوں نے تھوک کر چاٹا ہے۔ تاریخیں دے دے کر راجکماری اور اس کی کنیزوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں لیکن انہیں پھر بھی عقل نہیں آئی۔ عوام نے منافقوں کے اس ٹولے کی منفی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے۔ کنیزاول اور کنیز دوئم کے چہروں پر صرف مایوسی نظر آتی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم پلس کا انتہائی اہم سیپل شروع ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے دو دن میں ن لیگ کی دو اہم وکٹیں اڑا دیں۔ اپوزیشن کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہیگا اور تحریک انصاف اپوزیشن کی پوری ٹیم کو کلین بولڈ کرکے پویلین بھیجے گی۔ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ شاہی خاندان کا خاصہ رہا ان کی ہارس ٹریڈنگ کی گونج چھانگا مانگا سے بلوچستان تک سنائی دیتی تھی۔ ن لیگ کی سیاست عجب کرپشن کی غضب کہانی سے بھری پڑی ہے۔
وسیم اکرم پلس کا سپیل شروع‘ عثمان بزدار نے 2 اہم وکٹیں اڑا دیں: فردو س عاشق
Jan 27, 2021